بنگلورو،12؍اگست(ایس او نیوز)سابق ریاستی وزیر اعلیٰ اور ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بڑے لیڈر بی ایس ایڈی یورپا نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاستی وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کو ہٹا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بومئی اپنی میعاد پوری کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نلین کمار کٹیل کی مدت پوری ہونے کے بعد پارٹی قیادت طئے کرے گی کہ ریاستی بی جے پی کا اگلا صدر کون ہوگا۔ ایڈی یوررپا نے کہا کہ وہ اور پارٹی کے دیگر لیڈر 2023ء اسمبلی انتخابات میں دوبارہ اقتدار پر آنے کے لئے ریاست بھر کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ بدلے جانے کے بارے میں کانگریس کی ٹویٹس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے اخبار نویسوں سے خطاب کے دوران سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، ”ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ چونکہ اب انتخابات کے لئے صرف سات آٹھ مہینے رہ گئے ہیں، کسی قسم کی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ بسواراج بومئی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی غیر ضروری خبروں کا آنا اچھی بات نہیں ہے۔ میں آپ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اسے فوری طور پر روک دیں۔ پارٹی میں کوئی بھی وزیر اعلیٰ تبدیل کرنے کے بارے میں بحث نہیں کر رہا ہے او راس کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ اگر اس سلسلے میں کسی نے کچھ کہا بھی ہے تو یہ غلط ہے اور ایسی کوئی تبدیلی نہیں ہونے والی ہے۔“